NAWAZ SHARIF KAY FOUJ SE IKHTALAFAT
Description
ستر سال سے پاکستان کی فوج اور سیاستدانوں کے بیچ ایک جنگ جاری ہے۔ عدلیہ اور پارلیمنٹ سمیت دیگر ادارے اس جنگ میں بطور ہتھیار استعمال ہوئے ہیں۔ کبھی ایک کے ہاتھ میں اور کبھی وہی ہتھیار دوسرے کے ہاتھ میں۔ وہاں قومیں کب پنپتی ہیں جہاں اہم ریاستی ادارے بازیچہ اطفال بنا دیے گئے ہوں۔
نواز شریف کو ایک نہیں تین بار اقتدار سے نکالا گیا۔ انہوں نے بطور وزیر اعظم آٹھ آرمی چیفس کے ساتھ کام کیا، کسی ایک کے ساتھ بھی ان کے تعلقات خوشگوار نہ رہے۔ پورا قصور شاید نواز شریف کا بھی نہیں۔ وہ جب 1990 میں پہلی بار وزیر اعظم بنے تو اس جنگ کو شروع ہوئے تینتالیس برس ہو چکے تھے۔ انہیں تو پہلے سے جاری یہ جنگ ورثے میں ملی۔ ہاں البتہ ان کا قصور یہ ہے کہ سب سے زیادہ مواقع ملنے کے باوجود حکمت و تدبر کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ اس دیرینہ لڑائی کو ختم نہ کر پائے بلکہ خوداس کا ایک فریق بن گئے۔
یہ کتاب نواز شریف کے تین بار نکالے جانے کا تاریخی مطالعہ بھی ہے اور مشاہدہ بھی۔ یہ ایک کہانی ہے آٹھ آرمی چیفس کے ساتھ اختلافات کی۔ ایک جائزہ ہے نواز شریف کی ناقص سیاسی حکمت عملی کا۔ ایک مشاہدہ ہے نواز شریف کے ضدی، گھمنڈی اور کینہ پرور رویے کا، جس نے نواز شریف کو کچھ دیا نہ قوم کو۔ عوام نے انہیں تین بار اقتدار کے ایوان تک پہنچا یا اور انہوں نے تینوں بار اپنے مینڈیٹ کو فوج سے لڑنے اور اس زیر کرنے کا عوامی اجازت نامہ تصور کیا۔ اس کتاب میں تینوں ادوار میں ایک ایک کر کے تمام آرمی چیفس کے ساتھ نواز شریف کے اختلافات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔
سب سے زیادہ تفصیل ان کے دوسرے دور حکومت کی اس لیے بیان کی گئی ہے کہ اسی دور کے نتائج نے ان کی سیاسی زندگی پر سب سے زیادہ اثرات مرتب کیے۔ اس دور میں ہی مارشل لا لگا۔ انہیں پہلے جیل اور پھر پردیس جانا پڑا۔ اس باب میں صرف نواز شریف کی غلطیوں کا ہی جائزہ نہیں لیا گیا بلکہ پرویز مشرف کی اقتدار میں آنے کی خواہش اور اس مقصد کے حصول کے لیے ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا ہے او ر نواز شریف کی جانب سے نہ اٹھائے جانے والے ان اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے جو اگر وہ اٹھاتے تو پرویز مشرف کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے سے روکا جا سکتا تھا۔
اس کتاب کو لکھنے سے پہلے مجھے کئی اہم شخصیات کے ساتھ ملاقات اور انٹرویو ز درکار تھے۔ سب سے زیادہ وقت میں نے جنرل ضیا الدین بٹ سے لیاجو اس کہانی کا ایک اہم کردار ہیں۔ صبح سویرے ان کے دفتر پہنچ جاتا اور گھنٹوں سوال و جواب کی نشست جاری رہتی۔ اس کے علاوہ جنرل پرویز مشرف سے ٹیلی فون پر کئی مرتبہ بات ہوئی، ملاقات یوں نہ ہو پائی کہ وہ مستقل طور پر دبئی شفٹ ہو چکے تھے لیکن ہر تھوڑے دن بعد فون پر ایک تفصیلی گفتگو ہو جایا کرتی۔ ان دونوں شخصیات کے علاوہ میں سابق ڈی جی سول ایوی ایشن امین اللہ چودھری مرحوم، نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی، پرویز مشرف کے جہاز کے کپتان کیپٹن ثروت اور ان تمام لوگوں کا ذکر کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس کتاب کے حوالے سے ملاقات یا ٹیلیفون پر اپنا موقف دینے کے لیے وقت دیا۔
اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 2017میں چھپا اور چندہفتوں میں ہی ایک ہزار کاپیاں فروخت ہو گئیں۔ پبلشر کی طرف سے بار بار یاد دہانی کرائی جاتی رہی کہ دوسرے ایڈیشن کے لیے ترامیم بھجوا دیں۔ کچھ میری طبیعت میں موجود ازلی سستی اور کچھ روز بروز رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیوں کے باعث دوسرے ایڈیشن کو درکارضروری مواد پبلشر کو نہ بھیج سکا۔ روز یہی سوچتا کہ اب نواز شریف کہ کہانی کوئی حتمی رخ لے تو اضافہ شدہ مواد کے ساتھ نیا ایڈیشن چھاپا جائے۔ بس یونہی کرتے کرتے نو برس بیت گئے۔
📣 Note: Shipping to India is currently on hold due to the suspension of cross-border trade. We hope to resume deliveries as soon as services reopen.
Book Details
- ISBN: 9786277865511
- Categories:
- Format: Hardback
- Publication Date: 2026
- Number of Pages: 208
- Author:
- Publisher: EMEL PUBLICATIONS
- Language: Urdu
- Weight: 0.328 g
